لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم اس ماہ کے آخر میں ریٹائر ہونے والے تھے، فائل فوٹو
لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم اس ماہ کے آخر میں ریٹائر ہونے والے تھے، فائل فوٹو

آئی ایس آئی سربراہ کی ملازمت میں توسیع کی تصدیق

ریاض: پاکستان کے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی مدت ملازمت میں توسیع کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ توسیع پالیسی میں تسلسل کے لیے کی گئی ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم اس ماہ کے آخر میں ریٹائر ہونے والے تھے لیکن اب وہ مزید کم از کم ایک سال اس عہدے پر رہیں گے۔

سعودی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وزیراعظم نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ (پالیسی کے) تسلسل کے نکتے کو سمجھنے کی کوشش کریں۔ کوئی بھی نظام تسلسل کو ترجیح دیتا ہے اور اس کی حمایت کرتا ہے۔

نگران وزیر اعظم نے ان پالیسیوں کی، جن پر حکومت اور فوج چاہتی ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم عملدرآمد کریں، تفصیلات بتائے بغیر مزید کہا کہ آپ اس عمل کو جاری رکھنا چاہتے ہیں اور آپ کے لیے اس عمل کا تسلسل اہم ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کون ہیں؟

خفیہ ادارے انٹر سروسز انٹیلیجنس کے نئے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے بطور ڈی جی آئی ایس آئی نومبر 2021 میں اپنے عہدے کا چارج سنبھالا تھا۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی جگہ ڈی جی آئی ایس آئی بنے تھے، جو تقریبا ڈھائی سال سے زیادہ عرصہ تک اس عہدے پر فائز رہے۔

پاکستان فوج کی جانب سے لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو آئی ایس آئی کا نیا سربراہ مقرر کرنے کا اعلان 6 اکتوبر کو سامنے آیا تھا تاہم وزیر اعظم ہاوس کی جانب سے اس تقرری کا نوٹیفیکشن تین ہفتے بعد سامنے آیا۔

وہ اس عہدے پر تعیناتی سے قبل کراچی کے کور کمانڈر کی حیثیت سے ذمے داریاں ادا کر رہے تھے۔