حکومت کا کسی سیاسی جماعت کی طرف جھکائو نہیں،مرتضی سولنگی

اسلام آباد: نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے کہا ہے اب عام انتخابات کےحوالے سے کسی کو کوئی شبہ نہیں ہونا چاہیے ، انتخابی عمل کا صاف ،شفاف یقینی بنانا نگران حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ نیشنل پریس کلب میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مرتضی سولنگی نے کہا نگران حکومت کا کسی سیاسی جماعت کی طرف جھکائو نہیں ہے،ا لیکشن کمیشن کو انتخابات کے انعقاد میں ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے،صحافیوں کا کام خبر دینا ہے نہ کہ کسی پارٹی کی نمائندگی کرنا، صحافی کا اگر قتل ہوتا ہے تو اس کے ذمہ داروں کو پکڑنا ریاست کی ذمہ داری ہے،پوری کوشش کروں گا جان محمد کے قاتل پکڑے جائیں۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے اپنے ٹویٹ میں کہا پوری قوم کی خواہش ہے صدر مملکت عارف علوی وفاق کی علامت کے طور اپنے فرائض سر انجام دیں اور ایسا تاثر نہ دیں جس سے لوگ انہیں ایک جماعت کے ترجمان کےطور پر دیکھیں، بدقسمتی سے جیسے جیسے ہم انتخابات کے قریب جا رہے ہیں صدر مملکت کے بیانات ان کے آئینی کردار سے متصادم نظر آرہے ہیں، صدر مملکت کی طرف سے برابر مواقع فراہم نہ کرنے کی شکایت بہت افسوسناک ہے، صدر مملکت کو اچھی طرح سے معلوم ہے آج لیول پلینگ فیلڈ کا مطالبہ کرنے والے لوگ ہی پچ اکھاڑ کر اور وکٹیں لیکر میدان سے بھاگے تھے،ہم امید کرتے ہیں صدر مملکت الیکشن کمیشن کے آئینی ادارے کو اپنا کام کرنے دیں گےاور ایک سیاسی جماعت کے کارکن بننے کی بجائے پورے ملک کے صدر کے طور پر اپنے فرائض سر انجام دیں گے جو ان کا آئینی فریضہ ہے۔