اسلام آباد : ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ ایک اعلیٰ عہدیدار کی طرف سے الیکشن کی شفافیت کو مشکوک بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جبکہ یہ طرزِعمل مناسب نہیں ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ انشااللہ الیکشن کمیشن پرعزم ہے کہ الیکشن صاف اور شفاف ہوں گے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے گا۔ ادھرالیکشن کمیشن نے اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی سے سالانہ مالی گوشواروں کی تفصیلات طلب کر لیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی 31 دسمبر تک مالی گوشواروں کی تفصیلات جمع کرائیں، 15 جنوری تک تفصیلات جمع نہ کرانے والے اراکین کی رکنیت معطل ہوجائے گی۔
اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے برائے مالی سال 2022-23ء جمع کروانے کی حتمی تاریخ 31 دسمبر 2023ء ہے۔تفصیلات کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017کی دفعہ 137کے تحت تمام اراکین پارلیمنٹ وصوبائی اسمبلی کے ممبران کےلئے لازم ہے کہ وہ اپنے بشمول شریک حیات و زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے برائے مالی سال2022-23مجوزہ فارم بی کی صورت میں مقررہ تاریخ سے پہلے یا 31دسمبر2023تک الیکشن کمیشن کے پاس جمع کروادیں۔ترجمان کے مطابق سیکشن 137اثاثہ جات اور واجبات کے گوشواروں کی فراہمی، ہر ممبر اسمبلی و سینٹ گذشتہ 30جون تک کے اپنے بشمول شریک حیات و زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے بصورت مجوزہ فارم،بی ہر سال 31دسمبر سے پہلے یا 31دسمبر تک الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرائے گا۔
ترجمان کے مطابق 16جنوری کو ایک حکم کے تحت کمیشن 15جنوری تک مذکورہ گوشوارے جمع نہ کروانے والے اراکین پارلیمنٹ وصوبائی اسمبلیوں کے ممبران کی رکنیت معطل کر دے گا اور مذکورہ گوشوارے جمع نہ کروانے تک وہ پارلیمنٹ و اسمبلی کی کسی بھی کاروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔