نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی فلسطینی صدر سے ملاقات

صدر محمود عباس نے مشکل وقت میں ساتھ دینے پر وزیر اعظم اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا

November 11, 2023 · قومی

ریاض : نگراں وزیرِاعظم انوارالحق نے دورہ سعودی عرب کے دوران فلسطین کے صدر محمود عباس سے ملاقات کی ہے۔ انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر فلسطینیوں کیلئے آواز بلند کرتا رہے گا۔

وزیرِاعظم اور فلسطینی صدر کی ملاقات میں غزہ میں صیہونی فوجوں کی جانب سے نہتے فلسطینیوں کے قتلِ عام پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا۔ انوار الحق کاکڑ نے محمود عباس کو یقین دلایا کہ پاکستان فلسطین کی سفارتی مدد جاری رکھے گا، پاکستان عالمی سطح پر فلسطینیوں کیلئے آواز بلند کرتا رہے گا۔

وزیراعظم نے عالمی قوتوں کی غزہ میں جاری بربریت پر خاموشی کو شرمناک قرار دیا اور کہا کہ عالمی قوتیں غزہ میں جنگ بندی، نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے غزہ میں فوری طور پرغیرمشروط جنگ بندی اور اشیاءِ ضروریہ و طبی امداد کی فراہمی کیلئے راہداری کے قیام کا مطالبہ کیا۔صدر محمود عباس نے مشکل وقت میں ساتھ دینے پروزیراعظم اور پاکستانی عوام کا بھی شکریہ ادا کیا۔