مٹھی: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول نے کہا ہے کمروں میں بیٹھ کر ابھی سے الیکشن کے نتائج تیار کئے جارہے ہیں، اب کسی سلیکٹڈ کو برداشت نہیں کریں گے۔ کچھ قوتیں آج بھی ملک میں تقسیم کی سیاست چاہتی ہیں تاکہ عوام متحد نہ ہوسکیں، الیکشن کے نتائج پہلے سے کمرے میں بیٹھ کر تیار کرنے اور پی ٹی آئی کی طرح جیت کے خواب دیکھنے والی ’پاکستان مہنگائی لیگ‘ کو عوام جواب دیں گے۔ مٹھی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا پیپلزپارٹی نے عوام کو متحدہ کرنے اور بلا رنگ و نسل خدمت کی سیاست کی ہے۔عام انتخابات میں عوامی حکومت بنے گی، ہم اشرافیہ کو نہیں بلکہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کریں گے۔ حکومت میں آنے کے بعد بے نظیر انکم سپورٹ کی طرح ہاری کارڈ بھی بنائیں گے تاکہ کسانوں کو کھاد، بیچ کے حوالے سے مدد فراہم کرسکیں۔
انہوں نے کہا قائد جمہوریت، بی بی شہید نے جو نعرہ ’مانگ رہا ہے ہر انسان روٹی کپڑا اور مکان‘ یہ آج بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا ماضی میں تھا، پاکستان پیپلزپارٹی یہ نعرہ اُس وقت تک لگائے گی جب تک ملک سے غربت، بے روزگاری اور مہنگائی ختم نہیں ہوجائے گی۔ پیپلزپارٹی کا کوئی سیاسی مخالف نہیں، کوئی جماعت بھی ایسی نہیں ہے جس کو مخالف مان سکوں، میری مخالف بے روزگاری، مہنگائی اور غربت ہے، ہم ملکر ان ساری چیزوں سے لڑیں گے اور عوام کو اُن کا حق دیں گے۔ کمروں میں بیٹھ کر ابھی سے الیکشن کے نتائج اور منصوبے بنانے والوں کو پیپلزپارٹی 8 فروری کو جواب دے گی، ہم کسی کی سپورٹ یا مدد سے الیکشن نہیں لڑیں گے بلکہ اپنی کارکردگی پر انتخابات لڑیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام نے پانچ سال سلیکٹڈ راج بھگتا ہے اور اب ہم مزید کسی سیلیکٹڈ کو برداشت نہیں کریں گے، انتخابات میں عوام کے پاس تین آپشنز ہوں گی، پہلا تحریک انتشار جس نے عسکری تنصیبات پر حملے کیے، اُسے عوام رد کریں گے۔دوسری طرف ہمارے دوست ہیں جو شاید سمجھ رہے ہیں کہ وہ پی ٹی آئی کی نقل کر کے الیکشن لڑ سکتے ہیں تو انہیں عوام 8 فروری کو جواب دیں گے اور پاکستان مہنگائی لیگ کو شکست دیں گے۔ زرداری کی کوشش سے اُنکا وزیراعظم بن سکتا ہے تو اب جیالا وزیراعظم بنے گا، وزیراعلیٰ بن سکتا ہے، ہم روایتی سیاست، نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ختم کرنے کا مشن مکمل کریں گے اور عوامی راج قائم کریں گے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos