اسرائیل کا الشفا اسپتال پر بڑا حملہ،ٹینک کمپلیکس میں داخل

غزہ (اُمت نیوز) اسرائیل نے غزہ کے سب سے بڑے الشفا اسپتال پر حملہ کر دیا اور اسرائیلی ٹینکس کمپلیکس میں داخل ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر حماس کے خلاف ٹارگٹ آپریشن کیا گیا۔اس سے پہلے وائٹ ہاؤس نے کہا تھا کہ حماس نے غزہ کے الشفا اسپتال میں ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کررکھا ہے، حما س نے وہاں اسلحہ ذخیرہ کر رکھا ہے۔
الشفا اسپتال میں 650 مریض، ایک ہزار طبی عملہ اور 5 سے 7 ہزار پناہ گزین موجود ہیں۔ترجمان الشفا اسپتال کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج شفا اسپتال کے بیسمنٹ تک پہنچ گئی اور بیسمنٹ کی تلاشی شروع کردی ہے۔ڈائریکٹر ہیلتھ شفا اسپتال ڈاکٹر منیر باریش نے حملے کے بعد کہا کہ اپنا دفتر چھوڑ کر باہر نہیں جاؤں گا۔شفا اسپتال میں محفوظ راہداری سے گزرنے والوں پر اسرائیلی فائرنگ جاری ہے۔
الجزیرہ ٹی وی پر ڈاکٹر منیر البرش نے کہا ہے کہ اگر ہم زندہ رہے تو رابطہ رکھیں گے اور اگر شہید ہو گئے تو جنت میں ملیں گے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے غزہ میں حماس کے زیرِ انتظام پارلیمنٹ اور دیگر سرکاری اداروں پر قبضے کا دعویٰ کردیا جب کہ تیسرے بڑے پناہ گزین کیمپ شاطے پر بھی قبضے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
حماس نے اسرائیلی فوج کے دعوے مسترد کردیے اور کہا خالی اور پہلے سے تباہ کی گئی عمارتوں پر خیالی قبضے کا اسرائیلی دعویٰ فتح ظاہر کرنے کی ناکام کوشش ہے۔