لاہور (اُمت نیوز) قائد مسلم لیگ ن نوازشریف سے جاتی امرامیں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
قائد مسلم لیگ ن کی غیر ملکی سفارتی عملے سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے ، پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے میاں نوازشریف سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ، ملاقات میں مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے بھی شرکت کی ۔
قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف نے امریکہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کی اہمیت پر زور دیا، دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان پائیدار دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے کثیر الجہتی امور پر تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مستحکم اور مضبوط شراکت داری کی اہمیت کو تسلیم کیا۔
ملاقات کے دوران قائد مسلم لیگ (ن) نے پاکستان کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کیا، خاص طور پر آئندہ انتخابات کے لیے اپنی پارٹی کی تیاریوں کے تناظر میں بات کی گئی ، انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان کے عوام ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کریں گے تاکہ ملک کو آج جن بے شمار مسائل کا سامنا ہے ان سے نکالا جا سکے۔
امریکی سفیر اور نواز شریف نے تجارت سمیت متعدد مختلف شعبوں معیشت، آب و ہوا تبدیلی، سلامتی اور علاقائی استحکام پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
محمد نواز شریف نے بے گناہ فلسطینیوں کی حالت زار کا معاملہ اٹھایا جو غزہ کے گرد اندھا دھند اسرائیلی بمباری اور محاصرے کی وجہ سے بے دردی سے مارے جا رہے ہیں۔
انہوں نے فوری طور پر دشمنی کے خاتمے اور لوگوں کو انسانی اور طبی امداد کی فوری فراہمی پر زور دیا۔
امریکی سفیر نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما کے ساتھ امریکی ترجیحات کا تبادلہ کیا اور ملاقات کے دوران بے تکلفانہ اور خوشگوار تبادلہ خیال پر ان کا شکریہ ادا کیا۔