شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا، مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد: نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے متحرک، متنوع اور ذمہ دار میڈیا منظر نامہ کو فروغ دینے کے حکومتی عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ہمیں میڈیا کے شعبے میں بہت سے چیلنجز درپیش ہیں، ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی نے میڈیا میں استعمال ہونے والے طریقوں کو تبدیل کر دیا ۔ یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں وفاقی سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد اور سابق سیکرٹری ظہور احمد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

علاوہ ازیں مرتضیٰ سولنگی نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن کو انتخابات کے لئے تمام ضروری وسائل اور تعاون فراہم کریں گے، انتخابات کا شفاف اور قابل اعتبار طریقے سے انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔مزیدبرآں مرتضیٰ سولنگی نے پاکستان کی پہلی خلاباز خاتون نمیرہ سلیم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا نمیرہ سلیم پاکستان کے عوام کا فخر ہیں، وہ نہ صرف ہمارے نوجوانوں، بزرگوں بلکہ خواتین کے لئے مشعل راہ ہیں۔ نمیرہ سلیم نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات کی مشکور ہوں کہ اس نے مجھے پورے ملک کے سامنے متعارف کرایا۔ انہوں نے کہا میرا بچپن سے خواب تھا کہ میں خلاکا سفر کروں اور مجھے میرے ملک نے اس سفر میں بہت سپورٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں خلائی سفر پر پاکستان کا جھنڈا ساتھ لے کر گئی۔