امام کعبہ پاکستان پہنچ گئے،وزیرتعلیم،سعودی وزیر اوردیگر نے استقبال کیا

اسلام آباد :  امام کعبہ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن حمید سعودی وفد کے ہمراہ 6 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی، وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی، معاون خصوصی علامہ طاہر اشرفی اور سعودی سفیر نواف بن سعيد المالكی نے ایئرپورٹ پر امام کعبہ کا استقبال کیا۔ امام کعبہ اپنے دورے کے دوران امام کعبہ پاکستان میں اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔وفد میں سعودی وزیر داخلہ، وزیر تعلیم بھی شامل ہیں۔بعدازاں امام کعبہ نے وزیر تعلیم مدد علی سندھی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی بھی موجود تھے۔

امام کعبہ پروفیسر ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن محمد الحمید نے کہا ہے کہ پاکستان مجھے اپنے گھر جیسا لگتا ہے،پاک سعودی تعلقات گہرے اور تاریخی ہیں ، نفرت کو ختم کرنے کا بہترین ذریعہ تعلیم ہے، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی دینی تعلیم کے فروغ اور اسلامی تعلیمات کی ترویج میں مثالی کردار ادا کر رہی ہے۔امام کعبہ نے کہا کہ پاکستانیوں سے مل کر مجھے ہمیشہ خوشی ہوتی ہے ، جن استاد محترم سے تحفیظ کا شرف ملا وہ بھی پاکستانی تھے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے لوگوں کے دلوں میں ایک دوسرے کے لیے بے پناہ محبت ہے۔

امام کعبہ نے کہا کہ وزارت تعلیم اور اسلامی یونیورسٹی کے مابین جاری تعاون سے دنیا بھر کے طلبا و طالبات کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسلامی یونیورسٹی کو سراہتے ہیں کہ جامعہ نے انسانی جان کی شریعہ و قانون کی روشنی میں اہمیت پر کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں وہ خصوصی طور پر شرکت کیلئے آئے ہیں۔اس موقع پر وزیر تعلیم نے پاکستان اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی آمد پر امام کعبہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی دینی اور عصری علوم کی ترویج کیلئے اہم کردار ادا کر رہی ہے وزارت تعلیم جامعہ کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ ہم مدارس اور جامعات کے ذریعے محبت کا پیغام عام کریں۔