علاقے میں اب بھی دو عسکریت پسند کہیں چھپے ہوئے ہیں، فائل فوٹو
علاقے میں اب بھی دو عسکریت پسند کہیں چھپے ہوئے ہیں، فائل فوٹو

مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج پر حملہ، میجر اور کیپٹن سمیت 4 فوجی ہلاک

سرینگر:  مقبوضہ کشمیر کے ضلع راجوڑی میں قابض بھارتی فوج پر ہونے والے ایک حملے میں 2 افسروں سمیت چار بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے۔ بھارتی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ 2 افسران سمیت 4 بھارتی فوجی ضلع راجوڑی میں ہونے والے حملے میں مارے گئے۔ رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں بھارتی فوج کا ایک میجر اور ایک کیپٹن شامل ہے۔ ضلع راجوڑی کے حملے میں بھارتی ایلیٹ فورس کے 3 اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔ حملےکے بعد بھارتی فوج نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا، اس دوران قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی جاری رکھتے ہوئے ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیری نوجوان کو محاصرے اور تلاشی کی آڑ میں شہید کیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مسلح افراد نے انڈین آرمی کی گاڑی کو اس وقت نشانہ بنایا جب سیکیورٹی اہلکار سرچ آپریشن کے لیے ضلع راجوڑی پہنچے تھے ۔ سرچ آپریشن جاری تھا کہ اس دوران نامعلوم مسلح افراد نے بھارتی فوجیوں پر دھاوا بول دیا تھا یہ حملہ اتنا اچانک ہوا کہ اہلکاروں کو سنبھلنے کا بھی موقع نہیں مل سکا۔ حملہ آور کارروائی کے بعد بھارتی اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔حملے کے بعد گھبراہٹ کی شکار بھارتی فوج سرچ آپریشن کو ادھورا چھوڑ کر اپنے مردہ اور زخمی ساتھیوں کو لیکر فوجی بیس کی جانب روانہ ہوگئے۔