کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور سابق وفاقی وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنی پروفائل فوٹو تبدیل کردی ہے۔ جسے سیاسی میدان میں ایک خاموش پیغام سمجھا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو کی جانب سے شیئرکی گئی تصویر میں انہیں ان کی والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ساتھ انتہائی خوشگوار موڈ میں بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے۔
یاد رہے کہ اپنے حالیہ سیاسی دوروں میں خطاب کے دوران بزرگ سیاستدانوں پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے بارہا مطالبہ کیا تھا کہ انہیں اب سیاست چھوڑ دینی چاہیے اور نوجوانوں کو آگے آنے اور ملک کی خدمت کا موقع فراہم کرنا چاہیے۔
دوسری جانب صحافیوں سے خصوصی بات کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کی رہنما شازیہ مری کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو پارٹی کے چیئرمین ہیں، انہیں مجھے بتا کر جانےکی ضرورت نہیں، اور آصف زرداری کے انٹرویو کا بلاول کے دبئی روانگی سے کوئی تعلق نہیں۔
#NewProfilePic pic.twitter.com/lQr83F28kG
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) November 24, 2023
اس تناظر میں سابق صدر آصف علی زرداری نے گزشتہ روز اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا تھا کہ بلاول نے دراصل یہ جملہ ان کو بھی کہا ہے کیونکہ نوجوان نسل سمجھتی ہے کہ جو وہ جانتی ہے وہ بزرگ نہیں جانتے۔
سابق صدر نے یہ بھی کہا تھا کہ بھلے بلاول پڑھے لکھے ہیں لیکن ابھی انہیں سیکھنے کی ضرورت ہے۔ جس کے بعد آج خبر آئی ہے کہ بلاول انتخابی مہم ادھوری چھوڑ کر دبئی روانہ ہوگئے ہیں۔
بلاول بھٹو کی جانب سے اچانک دبئی روانہ ہوجانا اور پروفائل فوٹو تبدیل کردینا ایک خاموش پیغام سمجھا جارہا ہے۔ جو کہ آئندہ ملکی سیاست اور پیپلزپارٹی کی سیاست میں کسی طوفان کا پیش خیمہ بھی ثابت ہوسکتا ہے۔