نواز شریف عدالت پیشی کیلئے اسلام آباد روانہ

لاہور(اُمت نیوز)سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت آج ہوگی۔
نواز شریف جاتی امرا لاہور سے اسلام آباد روانہ ہو گئے ہیں، وہ اسلام آباد کی عدالت میں پیش ہوں گے جب کہ پارٹی رہنماؤں اور لیگل ٹیم سے بھی ملاقات کریں گے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بینچ نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیلوں پر دوپہر 12 بجے کے بعد سماعت کرے گا۔
نواز شریف اپنی لیگل ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوں گے، دوران سماعت امجد پرویز کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف دلائل کا آغاز کیا جائے گا۔
ن لیگی قائد کی پیشی کے موقع پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے اطراف سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے جائیں گے، اس کے لیے پولیس کی بھاری نفری سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے گی۔
رجسٹرار آفس کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق غیر متعلقہ اشخاص کا اسلام آباد ہائی کورٹ میں داخلہ ممنوع ہوگا، کمرہ عدالت میں وکلاء اور صحافیوں کا داخلہ خصوصی پاسز سے مشروط ہوگا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 26 اکتوبر کو العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا کے خلاف اپیلیں بحال کر دی تھیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے اپیلوں کے خلاف درخواست پر فیصلہ سنایا تھا۔
اس سے قبل پنجاب کی نگران حکومت نے العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی سزا معطل کردی تھی۔
نگران پنجاب کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے سزا معطلی کی منظوری دی تھی۔