اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے خصوصی پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان اربوں ڈالر کے سمجھوتوں پر دستخط ہوئے ہیں۔
نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر نگراں وزیراعظم کا ویڈیو پیغام شئیر کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان معاشی تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ علاقائی استحکام اور اسٹریٹجک تعاون کے حوالے سے بھی نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔
A special message of PM @anwaar_kakar after signing of multi-billion dollar deals with the UAE. pic.twitter.com/FH9SCjaxjx
— Murtaza Solangi (@murtazasolangi) November 27, 2023
وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ نئے دور کے آغاز پر پاکستان اور یو اے ای کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ آج شیخ محمد بن زایدالہنیان نے دوطرفہ تعلقات کو ایک نئی جہت دی ہے۔انہوں نے بتایا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دستخط کی تقریب میں آرمی چیف نے بھی شرکت کی، تقریب میں وفاقی وزراء اور یو اے ای کے وزراء نے بھی شرکت کی۔
انوارالحق کاکڑ نے کہاکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہونے والے معاہدوں کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے جو جلد سامنے آئیں گے۔