پولیس خدمت مراکز پر ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کی لمبی قطاریں

لاہور (اُمت نیوز) ٹریفک پولیس کی کم عمر اور بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کیخلاف مہم کے باعث شہر کے پولیس خدمت مراکز میں ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کا رش لگ گیا۔
شہر کے پولیس خدمت مراکز میں ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کیلئے آئے شہریوں کو گھنٹوں انتظار کی سولی پر لٹکنا پڑتا ہے، صرف ایک لائسنس کے حصول کیلئے پورا دن گزر جاتا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ لائسنس بنانے والوں کا رش بڑھا ہے تو انتظامات بھی بہتر ہونے چاہئیں، یہاں لمبی لائنوں میں لگنا پڑتا اور گھنٹوں اپنی باری کا انتظار کرنا پڑتا ہے۔
انچارج پولیس خدمت مرکز برکت مارکیٹ فرقان علی کا کہنا ہے کہ رش کی وجہ سے کچھ مسائل ہیں، 12 روز میں برکت مارکیٹ خدمت مرکز میں 4 سے 5 ہزار کے لگ بھگ لائسنس بن چکے ہیں۔
ادھر ٹریفک پولیس حکام کے مطابق 14 روز میں کم عمر اور بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں 5 ہزار 85 گاڑیوں کو مختلف تھانوں میں بند کیا گیا ہے جبکہ 4 ہزار 448 ڈرائیورز کیخلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔