اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان شعیب شاہین نے کہا ہے کہ فی الحال نئے پارٹی چیئرمین کا نام فائنل نہیں ہوا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں شعیب شاہین نے کہا کہ نئے پارٹی چیئرمین کے نام پر ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد نئے پارٹی چیئرمین کے نام کا فیصلہ ہوگا۔شعیب شاہین نے یہ بھی کہا کہ توشہ خانہ کیس کا فیصلہ آئے تو پھر پارٹی چیئرمین کا فیصلہ ہوگا۔
ادھر سینئر نائب صدر پاکستان تحریک انصاف شیر افضل مروت کی جانب سے انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد اور چیئرمین عمران خان کے نئی مدت کیلئے انتخاب میں حصہ نہ لینے کے بیان کی پی ٹی آئی نے ہی تردید کر دی ۔
پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد اور چیئرمین عمران خان کے نئی مدت کیلئے انتخاب میں حصہ لینے کا معاملہ
پاکستان تحریک انصاف کی انٹراپارٹی انتخاب کے حوالے سے میڈیا میں کی جانے والی قیاس آرائیوں کی سختی سے تردید
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے الیکشن کمیشن…
— PTI (@PTIofficial) November 28, 2023
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے بیان جاری کیا گیا ہے اور پاکستان تحریک انصاف کی انٹراپارٹی انتخاب کے حوالے سے میڈیا میں کی جانے والی قیاس آرائیوں کی سختی سے تردید کی گئی ہے،جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے الیکشن کمیشن کے حکم پر کروائے جانے والے انٹراپارٹی انتخابات میں بطور چیئرمین حصہ نہ لینے کے حوالے سے سینئر رہنما کے دعویٰ کی تردید کی گئی ہے ۔
ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ انٹرا پارٹی انتخاب کے انعقاد کے حوالے سے تمام اہم امور پر غور و خوض کا سلسلہ جاری ہے، چیئرمین عمران خان کی انتخابات سے دستبرداری یا کسی اور رہنما کی نامزدگی کا ہرگز کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، انٹراپارٹی انتخابات کے انعقاد، تاریخ و طریقۂ کار اور امیدواران کے تعین سمیت تمام اہم معاملات پر جوں ہی قیادت کسی نتیجے پر پہنچے گی اسے باضابطہ طور پر جاری کیا جائے گا۔