حماس نے 12 یرغمالی، اسرائیل نے 30 فلسطینی رہا کر دیئے

غزہ (اُمت نیوز)غزہ میں عارضی جنگ بندی کے پانچویں روز حماس نے 12 یرغمالی جبکہ اسرائیل نے بھی 30 فلسطینی قیدی رہا کر دیئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حماس کے القسام بریگیڈ کی جانب سے عارضی جنگ بندی کے پانچویں روز 10 اسرائیلی اور 2 غیر ملکیوں سمیت 12 یرغمالیوں کو رہا کیا گیا،اس کے علاوہ اسرائیل نے بھی اوفر جیل سے مزید 30 فلسطینی قیدی رہا کیے ہیں، رہائی پانے والوں میں 15 خواتین اور 15 مرد شامل ہیں، تمام فلسطینیوں کو 12 یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے چھوڑا گیا ہے۔
حماس کے ترجمان اسامہ حمدان نے کہا ہے کہ رہا ہونے والے فلسطینی قیدیوں نے بتایا ہے اسرائیل کا رویہ وحشیانہ تھا، اسرائیلی جیلوں میں فلسطینی قیدی نہ ہوتے تو ہمیں اسرائیلیوں کو یرغمال بنانے کی ضرورت نہ ہوتی۔
واضح رہے کہ غزہ میں جاری حماس اسرائیل لڑائی کے دوران عارضی جنگ بندی کے 4 دنوں میں اب تک 50 اسرائیلی اور 150 فلسطینی قیدی رہا ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب ترکیہ کےصدرطیب اردوان اورسیکریٹری جنرل یواین کاٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے ، گفتگو میں غزہ میں جنگ بندی اور انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی پربات چیت کی گئی،رجب طیب اردوان نے کہا کہ اسرائیل کو جنگی جرائم کےلیے جوابدہ ہونا پڑے گا،اسرائیل عالمی قوانین کی کھلے عام خلاف ورزی کررہاہے۔