اسلام آباد(اُمت نیوز)چیئرمین پی ٹی آئی کے جیل ٹرائل کے حوالے سے وزارت قانون و انصاف نے نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے اور کہا احتساب عدالت جیل میں کیسز کی سماعت کرے گی۔
توشہ خانہ اور 190ملین پاؤنڈ کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کے جیل ٹرائل سے متعلق وزارت قانون و انصاف نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق احتساب عدالت اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ کیسز کی سماعت کرے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے ریمارکس دیے کہ جیل حکام اور سیکیورٹی اداروں نے عمران خان کے حوالے سے خدشات کااظہار کیا ہے، اس لئے سائفر کیس کی آئندہ سماعت جیل میں ہی ہوگی، اوپن کورٹ ہوگی، اور میڈیا اور پبلک کو بھی شرکت کی اجازت ہوگی۔
جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی جانب سے جاری ہونے والے تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ آج چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمودقریشی غیرحاضررہے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے سیکیورٹی رپورٹ پیش کی گئی، اور رپورٹ کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی جان کو خطرہ ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عدالت کی جانب سے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی رپورٹ کا بغور جائزہ لیا گیا، رپورٹ سے ظاہر ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جان کو لاحق خطرات میں اضافہ ہوا ہے، عدالت سابق وزیراعظم کی جان کو لاحق خطرات کی تشخیص کو ہلکا نہیں لے سکتی۔
حکم نامے کے مطابق ماضی میں چیئرمین پی ٹی آئی کے کارکنان کا جوڈیشل کمپلیس پر دھاوا بولنے کا واقعہ بھی رونما ہو چکا، جوڈیشل کمپلیس میں سماعت چیئرمین پی ٹی آئی کیلئے محفوظ ہے نہ ہی دیگر افراد کیلئے، ان وجوہات کو مدنظر رکھتے ہوئے عدالت سائفر کیس کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں کرنے کا حکم دیتی ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ چونکہ چیئرمین پی ٹی آئی کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں ہورہا ہے، شاہ محمود قریشی کا بھی اڈیالہ جیل میں ہی ہوگا، چیئرمین پی ٹی آئی کا جیل ٹرائل ایک اوپن ٹرائل ہوگا، ملزمان کے وکلا اور خاندان کے پانچ پانچ افراد کو ٹرائل کی کارروائی دیکھنے کی اجازت ہوگی، عام عوام اور سماعت سننے کے خواہشمد افراد کو ٹرائل کی کارروائی میں بیٹھنے کی اجازت ہوگی، تاہم عوام کو جیل رولز اور مینول اور کمرہ عدالت میں گنجائش کی بنیاد پر ٹرائل میں بیٹھنے کی اجازت ہوگی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos