راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز کا ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن۔ کامیاب آپریشن کے نتیجہ میں دہشت گرد حبیب الرحمٰن جہنم واصل کردیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نےمؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا اور آپریشن کے نتیجے میں دہشت گرد حبیب الرحمان کو جہنم واصل کر دیا ،مارا گیا دہشت گرد علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھا ، ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے ۔آئی ایس پی آر کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
گذشتہ روز جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان ۔شدید فائرنگ کے تبادلے میں چارسدہ کے 26 سالہ سپاہی احمد علی بہادری سے لڑتے ہوئے مادر وطن پر قربان ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ ہوئی، شدید فائرنگ کے تبادلے میں چارسدہ کے 26 سالہ سپاہی احمد علی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
علاقے میں ممکنہ طور پر پائے جانے والے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لئے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں اور بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں سیکیورٹی فورسز کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں ۔