سوار محمدحسین کا 52واں یوم شہادت، مزار پر تقریب کا انعقاد

دولتالہ: پاک فوج کے بہادر سپوت اور خطہ پوٹھوہار کے قابل فخر اعزاز سوار محمد حسین شہید نشان حیدر کے52ویں یوم شہادت کے موقع پر شہید کے مزار پر واقع ڈھوک سوارمیں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے مزار پر سلامی پیش کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل عمر فرید،سابق ضلع ناظم راولپنڈی راجہ محمد جاوید اخلاص،سابق صوبائی وزیر چوہدری محمد ریاض اور دیگر نے گفتگو کرتے ہوئے شہید کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

تقریب میں سابق امیدوار صوبائی اسمبلی راجہ محمد حمید ایڈوکیٹ،چوہدری خرم زمان،سابق چیئرمین مرزا عنایت اللہ،راجہ وقاص جاوید سمیت اہلیان علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ سوار محمد حسین شہید نے 5دسمبر 1971ءکو ظفر وال شکر گڑھ کے محاز پر دشمن کی شدید اور براہ راست گولہ باری کی پرواکیے بغیر ایک ایک خندق میں جاکر اپنے جوانوں کو گولہ بارود پہنچاتے رہے۔ 10دسمبر کی سہ پہر سوار محمد حسین شہید دشمن کے گولیوں کی بوچھاڑ نے انکا سینہ چھلنی کر دیا اور انہوں نے جام شہادت حاصل کی۔ وہ نشان حیدر پانے والے پہلی فوجی سپاہی تھے۔

اس وقت انکی عمر 22سال تھی۔ تقریب میں سوار محمد حسین شہید کے صاحبزادے منور حسین نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق افواج پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے سوار محمد حسین شید (نشان حیدر) کے 52 ویں یوم شہادت کے موقع پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ سوار محمد حسین شہید کا یوم شہادت افواج پاکستان کی مادر وطن کیلئے دی جانے والی قربانیوں کا مظہر ہے، ملک کی آبرو کیلئے اپنی جان نچھاور کرنے والے پاکستان کے یہ درخشندہ ستارے بلا شبہ عزت و تکریم کے مستحق ہیں، پوری قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔ علاوہ ازیں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہاہے کہ شہدا کی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزاد فضا ئوں میں سانس لے رہے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے سوار محمد حسین شہید کو یوم شہادت پر خراج عقیدت کیا۔