کراچی(اُمت نیوز)کسٹمز اکیڈمی آف پاکستان میں منگل کے روز اسسٹنٹ کلکٹرز کے 50 ویں سپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام (STP) کی پاسنگ آوٹ تقریب منعقد ہوئی۔جس میں چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو ملک امجد زبیر ٹوانہ مہمان خصوصی تھے۔ممبر کسٹمز ایف بی آر زیبا حئی اظہر، ڈائریکٹر جنرل کسٹمز اکیڈمی آف پاکستان صائمہ شہزاد اور ڈائریکٹر کسٹمز اکیڈمی آف پاکستان نوابزادی عالیہ خانجی نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر نے افسران کو تربیت مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور اُن کے پیشہ ورانہ کریئر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔چیئرمین ایف بی آر نے افسران کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اوراختیارات کو بہتر طریقے سے سرانجام دینے کے لئے انفرادی اور اجتماعی صلاحیتوں میں ہم آ ہنگی اور توازن کو برقرار رکھنے کی تربیت دینے میں کسٹمز اکیڈمی آف پاکستان کے کردار کو سراہا۔ چیئرمین ایف بی آر نے نوجوان افسران پر زور دیا کہ وہ بطور سرکاری ملازم اپنے کردار کو پیش نظر رکھیں، اپنے ماتحت عملہ اور عام لوگوں تک اپنی دستیابی یقینی بنائیں، ایف بی آر کی بنیادی اقدار کی حفاظت کریں اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مسلسل بہتر بناتے ہوئے پوری لگن کے ساتھ محکمہ کی خدمت کریں۔
اس سے پہلے اپنے خطبہ استقبالیہ میں ڈائریکٹر جنرل کسٹمز اکیڈمی آف پاکستان صائمہ شہزاد نے تربیت کی اہم خصوصیات اور نئے افسران کے پیشہ وارانہ کیریئر میں اس کی اہمیت اُجاگر کی۔ پاکستان کسٹمز کے بڑھتے ہوئے چیلنجز اور متنوع کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے نوجوان افسران کو نصیحت کی کہ وہ اپنے کیریئر کو عملی خطوط پر استوار کریں اور ملک کی خدمت کے لئے متحرک رہیں۔
ڈائریکٹر جنرل کسٹمز اکیڈمی آف پاکستان نے تربیت کے دوران سکریٹریٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ، ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ، سٹریٹجک ایکسپورٹ کنٹرول ڈویژن(SECDIV)، اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات و جرائم(UNODC)یو ایس بیورو انٹرنیشنل نارکاٹیکس لا انفورسمنٹ(INL)یوایس ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکورٹی انوسٹی گیشنز (HSI) اور یوایس کسٹمز بارڈر پروٹیکشن (CBP) کے کردار اور تعاون کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایس ٹی پی کے دوران کسٹمز، انکم ٹیکس اور ایکسائز قوانین کے علاوہ افسران کو دیگر موضوعات اور مضامین کی بھی تربیت دی گئی جن میں انسداد منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی مالی معاونت، انسانی صحت و سلامتی، معدومی کے خطرے سے دوچار جانداروں کی غیر قانونی تجارت اور سٹرٹیجک سامان کی سرحد پار سے نقل و حرکت شامل ہیں۔
ممبر کسٹمز ایف بی آر زیبا حئی اظہر نے کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کی مجموعی استعداد کار میں اضافہ کے حوالہ سے کسٹمز اکیڈمی آف پاکستان کے بطور ادارہ متحرک کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے اکیڈمی کی ڈائریکٹر جنرل اور اُن کی ٹیم کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سہولت اور نفاذ کے درمیان توازن کو برقرار رکھیں۔
پاس آوٹ ہونے والے افسران نے کہا کہ اس تربیت سے انہیں اپنے پیشہ ورانہ کیرئیر کو ٹھوس بنیادوں پر استوار کرنے میں مدد ملے گی۔
چیئرمین ایف بی آر نے پاس آوٹ ہونے والے افسران سے کارکردگی کا عہد لیا اور اُن میں اسناد بھی تقسیم کیں۔
اس سے پہلے چیئرمین ایف بی آر نے کراچی میں تعینات چیف کمشنرز آئی آر اور چیف کلکٹرز سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ان ملاقاتوں کے دوران چیئرمین نے رواں مالی سال کے پہلے پانچ مہینوں میں ریونیو کے اہداف کو کامیابی سے حاصل کرنے پر افسران کی تعریف کی۔ چیئرمین ایف بی آر کو محصولات کے اہداف کو پورا کرنے کے لئے اپنائی جانے والی حکمت عملی اور اقدامات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین انفارمیشن بی آر نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ رواں مالی سال کے لئے مقررہ اہداف کو حاصل کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں۔