کراچی: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں کی توجہ الیکشنز ایکٹ 2017 کی سیکشن 104 کی طرف مبذول کراتے ہوئے کہاہے کہ جو سیاسی جماعتیں آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتی ہیں انہیں قومی وصوبائی اسمبلیوں میں خواتین اور غیر مسلموں کے لئے مخصوص نشستوں پر اپنے امیدواروں کی ترجیحی لسٹ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری الیکشن شیڈول کے مطابق 22 دسمبر 2023 تک متعلقہ ریٹرننگ آفیسر کے پاس جمع کرانا ہو گی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ترجیحی لسٹ میں اتنے امیدواروں کے اضافی نام شامل ہو سکتے ہیں جو کوئی سیاسی جماعت خواتین اور غیر مسلموں کے لئے مخصوص نشستوں پر الیکشن لڑنے کے لئے ضروری سمجھے تاکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے دوران امیدواروں کی نا اہلی یا قومی و صوبائی اسمبلیوں کی مدت کے دوران اگر کوئی نشست خالی ہو تو اس ترجیح لسٹ سے وہ نشست پرُ کی جاسکے۔
سندھ کی تمام سیاسی جماعتوں سے کہا گیا ہے کہ وہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کی مخصوص نشستوں کے لئے امیدواروں کی ترجیح لسٹ الیکشن کمیشن کے الیکشن پروگرام کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ22 دسمبر 2023 تک یا اُس سے قبل ریٹرننگ آفیسر،صوبائی الیکشن کمشنر، سندھ مخصوص نشستیں برائے خواتین قومی اسمبلی صوبہ سندھ سے اور صوبائی اسمبلی سندھ مخصوص نشستیں برائے غیر مسلم صوبائی اسمبلی سندھ پاک سیکریٹریٹ بلاک نمبر 44-A شاہراہِ عراق، صدر ، کراچی میں جمع کرائیں۔