چین (اُمت نیوز)چین کے دو شمال مغربی صوبوں گانسو اور چنگھائی میں 6.2 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے،رپورٹ کے مطابق زلزلے کے باعث 100 سے زائد افراد کے ہلاک اور 230 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں
سرکاری خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق منگل کو چین کے صوبے گانسو نے سرحدی قصبے میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں کم سے کم100 افراد ہلاک ہوئے جبکہ دیگر اموات چنگھائی میں ہوئیں۔
یورپی میڈیٹیرینین سیسمولوجیکل سینٹر کے مطابق زلزلے کی شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی، اس کی گہرائی35 کلومیٹر تھی جبکہ زلزلےکا مرکزگانسو کے صوبائی دارالحکومت شہر لانژو سے 102 کلومیٹر جنوبی مغرب میں تھا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق چینی حکام نے 111 اموات کی تصدیق کردی ہے جبکہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ تعداد اس سے بھی بڑھ سکتی ہے۔،سب سے زیادہ اموات گانسو صوبے میں ہوئیں جہاں کم سے کم ایک سو افراد مارے گئے ہیں، دیگر اموات چنگھائی میں ہوئیں۔
چین کی حکومت کی جانب سے ڈیزاسٹر ریلیف ایمرجنسی کو فعال کر دیا گیا ہے اور ریسکیو کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں،رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ زلزلے کے اثرات کا جائزہ لینے اور مقامی امدادی کارروائیوں کے لیے رہنمائی فراہم کرنے کے لیے ایک ورک ٹیم کو متاثرہ علاقوں میں روانہ کر دیا گیا ہے۔