کراچی: اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت پر دکان مالک کو قتل کر دیا گیا، فرار ہوتے تین ڈاکو شہریوں کے ہتھےچڑھ گئے، جنہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمی ڈاکوؤں کو اسپتال منتقل کیا، تاہم تینوں ڈاکو دم توڑ گئے۔سرجانی میں بھی عوام کے تشدد سے دو مبینہ ڈاکو ہلاک ہو گئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اورنگی ٹاؤن ایک نمبر پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا، مقتول کی شناخت شہروز کے نام سے ہوئی، جس کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی۔
3 ملزمان لوٹ مارکے لیے چارے کی دکان میں داخل ہوئے تھے، مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کرکے دکاندار کو قتل کر دیا، شور شرابہ سن کر موقع پر موجود افراد نے تینوں ملزمان کو پکڑ لیا ،جس کے بعد مشتعل افراد نے تینوں ملزمان کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا، پولیس نے تینوں ملزمان کو مشتعل افراد سے چھڑایا اور اسپتال منتقل کیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تینوں ڈاکو عباسی اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے، تینوں ڈاکوؤں کی فوری طور پر کوئی شناخت نہیں ہو سکی۔
دوسری جانب مقتول دکاندار شہروز کے والد کا کہنا ہے کہ ان کی دکان پر گزشتہ مہینے بھی دو بار ڈکیتی ہو چکی تھی، تیسری بار ملزمان نے لوٹنے کی کوشش کی تو بیٹے نے مزاحمت کی جس پر اسے گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔سرجانی ٹاؤن خدا کی بستی میں عوام کے تشدد سے دو مبینہ ڈاکو ہلاک ہو گئے، لاشیں اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں، شناخت نہیں ہو سکی۔