اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کیلئے تمام سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کیلئے بینرز چھاپنے کی ہدایات جاری کردیں۔الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری ہدایت نامہ کے مطابق مقررہ سائز سے بڑے پوسٹرز، پمفلٹ یا بینرز کی اجازت نہیں ہوگی ،پوسٹرز کی لمبائی 18 انچ اور چوڑائی 23 انچ سے زیادہ نہ ہو، ہینڈ بل، پمفلٹ اور کتابچے 9 انچ لمبے اور 6 انچ چوڑے ہوسکتے ہیں،بینرز 3 فٹ لمبا اور 9 انچ سے زیادہ بڑا نہیں ہونا چاہئے،پورٹریٹ تصویر 2 فٹ لمبی اور 3 فٹ چوڑی ہوسکتی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ہر اشتہاری مواد پر پبلشر کا نام اور پتہ لکھنا لازم ہے، قرآنی آیات سمیت مذہبی مواد کی طباعت غیرقانونی ہے، ہورڈنگز، بل بورڈز،وال چاکنگ اور پینافلیکس پر مکمل پابندی ہوگی، الیکشن مہم میں سرکاری اہلکار کی تصویر لگانا غیر قانونی ہوگی، خلاف ورزی پر امیدواروں کے ساتھ پبلشر کیخلاف بھی کارروائی ہوگی۔