اسلام آباد: الیکشن کمیشن کے احکامات کی روشنی میں وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ کو آخر کار عہدے سے ہٹادیا گیا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کے مشیر احد چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کی منظوری دے دی۔
نگران وزیراعظم نے الیکشن کمیشن کی ہدایت پر احدچیمہ کو ہٹانے کی سمری صدرمملکت کو ارسال کی تھی‘ایوان صدر کے مطابق صدر مملکت نے احد چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کی منظوری دے دی۔ ایوان صدر کا کہنا ہے کہ صدر مملکت نے احد چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کی منظوری نگران وزیراعظم کی ایڈوائس پر دی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں الیکشن کمیشن نے نگران وزیراعظم کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ احد چیمہ کو عہدے سے ہٹانےکا حکم دیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے انہیں ہٹانے سے متعلق عملدرآمد رپورٹ مانگی تھی اور رپورٹ نہ ملنے پر نوٹس لیا تھا جس پر کل سماعت ہونی ہے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن کی ہدایت پر آئی جی اور ڈپٹی کمشنر اسلام اباد کو ہٹانے کے لیے بھی کاروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ وزیراعظم آفس نے ڈی سی اور آئی جی اسلام آباد کو تبدیل کرنے کے لیے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے افسروں کے نام مانگ لیے ہیں اور سیکرٹری ٹو پرائم منسٹر خرم آغا نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو مراسلہ بھیج دیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے وزیراعظم کی منظوری کے لیے ڈپٹی کمشنراورآئی جی اسلام آباد کےمتبادل ناموں کاپینل بھیجا جائے، ناموں کا پینل آنے پر تعیناتی کے آڈرز ہوں گے۔