کراچی: پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر فیصل ندیم نے اورنگی ٹائون میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی خزانہ لوٹنے والوں کو دوبارہ مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،حادثاتی بھٹو بننے والے بلاول ترقی کے دعوے کرتے ہیں ۔ ترقی سندھ میں نہیں بلاول ہاؤس میں ہوئی ہے،اورنگی کو لسانی بنیادوں پر بنیادی سہولیات سے محروم رکھاگیا،کراچی پر سیاسی قبضہ مافیاسےآزادی حاصل کرنے کاوقت آچکا ہے،پاکستان کو عوامی قیادت کی ضرورت ہے،ان خیالات کااظہار انہوں نے اورنگی میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انتخابی پاور شومیں اورنگی ٹاون کی عوام نےبڑی تعداد میں شرکت کی اور مرکزی مسلم لیگ کی بھرپور حمایت کااعلان کیا۔
جلسہ عام سے کراچی کے صدراحمدندیم اعوان، این اے246کےامیدوارحافظ امجد اسلام امجد،پی ایس121کےامیدوارعبدالرحمن ،پی ایس120کےامیدوار امدادعلی ،ارباب حیدر،راؤ یحییٰ،انجینئر خضر حیات،بلال حیدرسمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے فیصل ندیم کاکہنا تھا کہ 15سال سے سندھ پر حکومت کرنے والی پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کو دھوکا ہی دیا ہے۔چوروں کا ٹولہ عوام پر مسلط ہے۔عوام اس بار شعور کا مظاہرہ کریں اور ووٹ کی طاقت سے ان کا احتساب کریں،عوام کو مسائل سےعوامی نمائندے ہی نکالیں گے۔مرکزی مسلم لیگ کے امیدوار عام عوام میں سے ہیں۔اورمسائل کا ادراک رکھتے ہیں ۔اب عوام ان حقیقی خدمت گزاروں کو منتخب کریںگے۔کراچی کے صدراحمدندیم اعوان نے کہاہے کہ ایشیا کی سب سے بڑی کچی آبادی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔