فائل فوٹو
فائل فوٹو

فیصل صالح حیات مسلم لیگ( ن) میں شامل ہو گئے

جھنگ: عام انتخابات 2024 کیلیے سیاسی جوڑ توڑ جاری ہے،اس سلسلے میں سینئر سیاستدان فیصل صالح حیات مسلم لیگ( ن) میں شامل ہو گئے۔

سابق وزیر اعظم شہباز شریف شاہ جیونہ میں سینئر سیاستدان فیصل صالح حیات سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اورانہیں مسلم لیگ نون میں شمولیت کی دعوت دی۔

اس موقع پر صدر مسلم لیگ( ن) شہبازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مخدوم صاحب اور ان کے گروپ کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں،فیصل صالح حیات کی مسلم لیگ( ن) میں شمولیت  پر شکرگزار ہیں،مخدوم صاحب کا گھرانہ ایک سیاسی گھرانہ ہے، لمبی تاریخ ہے۔

صدر مسلم لیگ(ن) نے کہاکہ فیصل  صالح حیات کی شمولیت سے نوازشریف کی قیادت کو سپورٹ ملے گی،اللہ نے موقع دیا تو نوازشریف چوتھی بار وزیراعظم بنیں گے، نوازشریف اب صرف سیاستدان نہیں، ایک سٹیٹس مین ہیں،انکا وسیع تجربہ ہے،نوازشریف کی قیادت میں ہم شبانہ روز محنت کریں گے  اور ملک کو عظیم بنائیں گے۔

واضح رہے کہ فیصل صالح حیات نے سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں پیپلز پارٹی کو چھوڑ کر مسلم لیگ( ق) میں شمولیت اختیار کرلی تھی اور پھر2017 ءمیں دوبارہ پیپلز پارٹی کو جوائن کیا تھا، 2018 ءمیں وہ جھنگ سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑے تھے تاہم انہیں مخالف امیدوار سے صرف 600 ووٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔

یاد رہے کہ فیصل صالح حیات وفاقی وزیر داخلہ  اور طویل عرصے تک پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔