گرفتار ملزم افغان شہریوں کو غیر قانونی طور پر شناختی کارڈ جاری کرنے میں ملوث تھا، فائل فوٹو
گرفتار ملزم افغان شہریوں کو غیر قانونی طور پر شناختی کارڈ جاری کرنے میں ملوث تھا، فائل فوٹو

جعلی شناختی کارڈ بنانے میں ملوث 4 سابق نادرا افسران گرفتار

اسلام آباد: ایف آئی اے نے جعلی شناختی کارڈ بنانے میں ملوث 4 رکنی گینگ گرفتار کرلیا، ملزمان نادرا کے سابق افسران ہیں، جنہوں نے 2019 اور 20 میں غیرملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کیے۔

شناختی کارڈز کے غیر قانونی اجرا کیس میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی شناختی کارڈ بنانے میں ملوث 4 رکنی گینگ گرفتار کرلیا ۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان نادرا کے سابق افسران ہیں، جنہیں اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں محمد طاہر،عدنان عمار، محمد عامر خان اور محمد طیب شامل ہے، جو نادرا میگا سینٹر اسلام آباد میں بطور ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور سنئیر ایگزیکٹیو تعینات رہے، دوران تعیناتی سال 2019 اور 2020 میں غیرملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کیے۔

ترجمان کے مطابق ملزمان احساس پروگرام کے نام پر مزدور طبقے کا بائیو میٹرک لیتے، اور بعد میں فیملی ٹری میں افغان شہریوں کا اندراج کرتے تھے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان سادہ لوح شہریوں کو رقوم کا لالچ دے کر اپنے جال میں پھنساتے تھے،ان کے فیملی ٹری کا غیر قانونی استعمال کرتے تھے، ملزمان نے متعدد مزدورں کی فیملی ٹری میں افغان شہریوں کا اندراج کیا۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان نے دوران تعیناتی متعدد جعلی شناختی کارڈز جاری کیے، ملزمان نے شناختی کارڈ جاری کرنے کی آڑ میں بھاری رقوم وصول کیں ۔