آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکی زیر صدارت دو روزہ 261ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا، فوٹو آئی ایس پی آر
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکی زیر صدارت دو روزہ 261ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا، فوٹو آئی ایس پی آر

پاک فوج انتخابات میں الیکشن کمیشن سے مکمل تعاون کرے گی، کور کمانڈرز

راولپنڈی: کور کمانڈرز کا کہنا ہے کہ پاک فوج آئندہ عام انتخابات میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مطلوبہ اور ضروری تعاون فراہم کرے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)کی زیر صدارت دو روزہ 261ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا۔

کانفرنس کے شرکا نے مسلح افواج کے افسران، جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں سمیت شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا،جنہوں نے ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں۔

شرکا نے شہدائے پاکستان سمیت ڈیرہ اسماعیل خان حملے کے شہدا کے ایصال و ثواب کیلیے بھی فاتحہ خوانی کی، فورم نے بالواسطہ اور بلاواسطہ خطرات کے خلاف پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی مسلسل جبر اور انسانی حقوق کی قابل مذمت خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

شرکا نے بھارتی فوج کی معصوم شہریوں کے اغوا، تشدد اور قتل کی حالیہ کارروائیوں کی واضح الفاظ میں مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ ”یہ کارروائیاں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم ہیں جو بہادرکشمیریوں کے جائز حق خوداردیت کے جذبے کو پست نہیں کرسکتیں“۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہر طرح کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا“۔

کانفرنس  کے شرکا کو خطے کی صورتحال، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں اپنی حکمت عملی کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

کانفرنس کے شرکا نے کالعدم ٹی ٹی پی اور دیگر دہشتگرد گروپوں کی پڑوسی ملک میں محفوظ پناہ گاہوں، وہاں سے آزادی کیساتھ کارروائیوں اور جدید ترین ہتھیاروں کی دستیابی کو پاکستان کی سیکیورٹی کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا۔

کانفرنس کے شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پرکام کرنے والے تمام دہشتگردوں،ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کیخلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کرتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی اور جاری تنازعہ کے پرامن حل کے مطالبہ کے حکومتی موقف کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے تحت غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے جاری کوششوں کے لیے اپنی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے اسمگلنگ، منی لانڈرنگ، بجلی چوری اور دیگر غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے علاوہ ذخیرہ اندوزی کے خلاف جاری کارروائیوں کا بھی جامع جائزہ لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج ایسے جرائم کی روک تھام کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر طرح کی مدد فراہم کرتی رہے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج آئندہ عام انتخابات میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مطلوبہ اور ضروری تعاون فراہم کرے گی“۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم کو فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے، ذہنی اور جسمانی شعبوں میں فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا۔