حیدرآباد: کیڈٹ کالج پٹارو میں 61 واں یوم والدین منایاگیا، اس موقع پر مہمان خصوصی پاکستان نیوی ایڈمرل نوید اشرف نشان امتیاز،(ملٹری)تمغہء بسالت تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیرالبحر نے کہاکہ معیاری تعلیم قوموں کی ترقی میں بنیادی اور اہم کردار ادا کرتی ہے، کیڈٹس کا معیاربہتر ہوتاہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیڈٹس ، والدین اور علاقے کے افراد خوش نصیب ہیں کہ ان کے لئے کیڈٹ کالج پٹارو جیسا ادارہ قائم ہے۔
مہمان خصوصی نے کیڈٹ کالج پٹارو میں انفراسٹرکچر، سہولیات، فیکلٹی اور تعلیمی ماحول کے معیار کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسی کوششیں یقیناً ملک کی خوشحالی اور ترقی میں معاون ثابت ہوں گی کیونکہ تعلیم ہی ترقی کا واحد راستہ ہے۔تقریب میں ریئرل ایڈمرل محمد سلیم ہلال امتیاز (ملٹری)، چیئرمین بورڈ آف گورنرز ،پاک فوج اورحکومت سندھ کے نمائندگان، علاقے کے معززین اور کیڈٹس کے والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ قبل ازیں پرنسپل کیڈٹ کالج پٹارو کموڈور(ر) مشتاق احمد ستارہ امتیاز(ملٹری)نے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیڈٹ کالج نے اپنے سازگار ماحول کے ذریعے ملک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ کیڈٹ کالج میں کیڈٹس کو ہر لحاظ سے تربیت دے کر تیار کیاجاتا ہے۔