اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان کاکہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو بطور جماعت مائنس کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، چیف جسٹس قاضی عیسیٰ کو اب اس معاملے میں مداخلت کرنا ہوگی۔
بیرسٹر گوہر خان نے صحافیوں سے ملاقات اور گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پشاور ہائیکورٹ نے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا لیکن جاری نہیں ہوا،الیکشن کمیشن کے ذریعے پی ٹی آئی کو پیچھے دھکیلا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک وکیل ن لیگ سے جائے تو ٹھیک پی ٹی آئی سے جائے توگرفتار ہوتا ہے،عدلیہ اپنا کردار ادا کرے تو مسائل کا حل ممکن ہے،عدالت کو اب اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، ہمارا مطالبہ الیکشن کمیشن اورعدلیہ سے ہے،چیف جسٹس قاضی عیسیٰ کو اب اس معاملے میں مداخلت کرنا ہوگی،سپریم کورٹ اور چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ان معاملات کا نوٹس لیں۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہاکہ پلان بی اور سی ہمارے پاس ہے جس سے پارلیمان تک جائیں گے،اگر بلے کےعلاوہ کوئی نشان ملتا ہے تو لیں گے لیکن بائیکاٹ نہیں کریں گے،ان کا کہناتھا کہ اگر پارٹی نشان نہ دیا تو مخصوص نشستوں سے مسائل پیداہوں گے،سپریم کورٹ نے نان پارٹی بیسڈ الیکشن سے روکا ہے۔