فائل فوٹو
فائل فوٹو

نیب کیسز میں نااہلی کی 10 سالہ مدت بحال کرنے کی درخواست سماعت کیلیے منظور

اسلام آباد: نیب نے الیکشن لڑنے کے لیے نیب سے سزا یافتہ نااہلی کی مدت 10 سال سے 5 سال کرنے کے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کردی جسے سماعت کے لیے منظور کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نیب کی سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل کل سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے، جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز اپیل پر سماعت کریں گے۔

نیب نے عدالت سے سنگل بنچ کا فیصلہ فوری معطل کرنے کی استدعا کی ہے اور کہا ہے کہ نیب سے سزا پانے والے انتخابی امیدوار الیکشن لڑنے کے لیے ہائیکورٹ کے سنگل بینچ کے فیصلے کا حوالہ دے رہے ہیں، جون میں سنگل بینچ نے نیب نااہلی کی مدت دس کی بجائے پانچ سال کردی، عدالت انٹرا کورٹ اپیل میں سنگل بنچ کا فیصلہ فوری معطل کرے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے دوران سماعت ریمارکس دیے کہ 10 سالہ نااہلی کم کرنے کے فیصلے کیخلاف اپیل مرکزی درخواست کیساتھ سنیں گے پھر سارا معاملہ دیکھیں گے۔

دوران سماعت سینئر سپیشل پراسیکیوٹر نیب محمد رافع عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور کہا کہ فائق علی جمالی کیخلاف بلوچستان میں 9 ریفرنسز میں فیصلہ ہوا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب کی مرکزی اپیل 4 جنوری کو مقرر کرنے کا حکم دے دیا، جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس میں کہا کہ مرکزی اپیل کیساتھ یہ متفرق درخواست سنیں گے پھر سارا معاملہ دیکھیں گے۔