لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں سی ای سی کا اجلاس ہوا،بلاول ہاؤس میں ہونے والے پی پی پی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ہائبرڈ اجلاس میں تمام اراکین موجود تھے۔اس اجلاس میں عام انتخابات کے حوالے سے مہم اور منشور کے حوالے سے بات چیت کی گئی ،پاکستان پیپلزپارٹی کے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں ملکی سیاسی صورت حال اور انتخابات کے حوالے سے سیاسی رابطوں پر گفتگو ہوئی۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین نے صدر پی پی پی پی آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا،صدر آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے وزیراعظم کے امیدوار کے طور پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا نام پیش کیا،جسے پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے متفقۃ طور پر منظور کرلیا۔دریں اثنا ء بلاول بھٹو سے بلاول ہاؤس لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی ۔وفد میں پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے ممبران میرصادق عمرانی ،میربازمحمد کھیتران ،سابق ڈپٹی چیئرمین سینٹ صابر بلوچ نے ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران بلوچستان کی سیاسی اورانتخابی صورتحال اور صوبے میں 8فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے دوران مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ الائنس سمیت دیگر پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
وفد نے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو انتخابی مہم کے دوران بلوچستان میں 4بڑے جلسے میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے بلاول ہاؤس لاہور میں فیصل صالح حیات اوربخاری برادران سے بھی ملاقات کی ۔ دریں اثناء پی پی رہنما پلوشہ خان نےاسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جو سیاسی جماعتیں انتخابات نہیں چاہتیں وہ کھل کربتائیں وہ کیا چاہتی ہیں۔ انتخابات سے پہلے دھاندلی کی باتیں ہونا شروع ہو جائیں توآگے کیا ہوگا،چاہتے ہیں 8 فروری سے پہلے خدشات دور ہوں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos