کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی انتخابی دفتر پاکستان ہاؤس میں کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر عامر نواز وڑائچ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔مصطفی کمال،انیس احمد قائم خانی خواجہ اظہار الحسن اور عبدالوسیم بھی اس موقع پر موجود تھے۔ خالد مقبول صدیقی نے کراچی بار ایسوسی ایشن میں منتخب ہونے والے افراد کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ملک بھر میں مکمل قانون کی بالادستی چاہتی ہے جس میں تمام لوگوں کو برابر کا انصاف فراہم کیا جائے اور سلسلے میں کراچی بار ایسوسی ایشن میں منتخب ہونے والے افراد کا یہ فرض ہے کہ وہ غریب عوام کوانصاف دلوانے میں انکی مدد کریں اور اپنا کردار ادا کریں۔
کراچی بار ایسوسی ایشن کےصدر عامر نواز وڑائچ نے ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے کراچی بار ایسوسی ایشن ہونے والے انتخابات میں حمایت کا شکریہ ادا کیا ۔درایں اثنا متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اورنگی ٹاؤن این اے 246 کے انتخابی دفتر میں مختلف سیاسی جماعتوں کے سیکڑوں کارکنوں نے رکن رابطہ کمیٹی و سابق وفاقی وزیر سید امین الحق سے ملاقات کرتے ہوئے ایم کیوایم میں شمولیت کا اعلان کیا۔شمولیت اختیار کرنے والوں میں پپیپلزپارٹی یو سی 21 وارڈ 2 صدر اشرف، جنرل سیکریٹری نور حسن جبکہ جماعت اسلامی کے کونسلر غلام علی نے 100 سے زائد ساتھیوں کے ہمراہ شمولیت اختیار کی۔اس موقع پر سید امین الحق نے تمام لوگوں کو ایم کیو ایم میں شمولیت پر خوش آمدید کہا.
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم بلا تفریق رنگ و نسل انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے جس کا ثبوت اورنگی میں ہی موجود بنارس فلائی اوور ہے،اورنگی ٹاؤن میں بسنے والی آبادی پاکستان کی سب سے زیادہ پڑھے لکھے اور ہنر مند لوگوں کی آبادی ہے اورنگی ٹاؤن کیلئے ایم کیو ایم کا ویژن بہت محیط ہے،ایم کیو ایم اورنگی ٹاؤن کے عوام کیلئے ایک بہت بڑے پانی کے منصوبے پر کام کر رہی ہے جس سے اورنگی کے عوام کا پانی کی پریشانی کا مسئلہ حل ہو جائیگا اور عام انتخابات میں کامیابی کے بعد ہم اورنگی نمبر انڈر پاس کی تعمیر کروائیں گے جس سے عوام کو درپیش ٹریفک کا مسئلہ حل ہوگا۔