اسلام آباد : سپریم کورٹ آف پاکستان میں سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی سزائے موت کے خلاف سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 186کے تحت دائر صدارتی ریفرنس پر آج (پیر کو) سماعت ہوگی۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس یحییٰ خان آفریدی، جسٹس امین الدین خان،جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر ، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل 9رکنی لارجر بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔
کیس کی سماعت دن ساڑھے 11بجے شروع ہو گی۔کیس کی سماعت سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر براہ راست دکھائی جائے گی۔ تقریباً12سال بعد چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں بنچ نے 12دسمبر 2023کو بھٹوریفرنس کی سماعت کی تھی جبکہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کے دور میں ریفرنس پر آخری سماعت 12نومبر 2012کو منعقد ہوئی تھی۔گزشتہ سماعت پر جسٹس سید منصور علی شاہ نے ریفرنس کے قابل سماعت ہونے پر متعدد سوالات اٹھائے تھے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 8جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے قراردیا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر سماعت کر کے جلد ازجلد صدارتی ریفرنس پر فیصلہ دیا جائے گا۔
عدالت نے احمد رضاقصوری کی جانب سے کیس کی سماعت الیکشن کےبعد تک ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کردی تھی۔ علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عام انتخابات 2024ءکے حوالہ سے لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے کے معاملہ پر سیکرٹری داخلہ آفتاب اکبر درانی، سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان عمر حمید خان اور دیگر کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر بھی سماعت آج پیر کو ہو گی۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اورجسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل تین رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔