خود کو چوتھی مرتبہ وزیراعظم کہنے والا گھر سے نہیں نکل رہا، بلاول بھٹو

اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میاں صاحب اہل ہیں یا نہیں وکلاء ہی بتا سکتے ہیں، آج نواز شریف سمجھ رہے ہيں کہ فیصلے سے انہيں فائدہ ہو رہا ہے، بانی پی ٹی آئی کل اگر نااہل ہوں گے تو وہ بھی پانچ سال کیلئے ہونگے۔ اقوام متحدہ سےبھی قراردادپاس کرالیں،الیکشن 8فرور ی کو ہی ہونگے، آپ سب تیاری پکڑیں اور ووٹ ڈالیں۔ بانی پی ٹی آئی بے گناہ ہیں تو انہیں جیل میں نہیں ہونا چاہئے، انہوں نے سیاست میں جو کچھ کیا وہ خود بھگت رہے ہیں ۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ آج جو ہورہا ہے وہ ماضی سے زیادہ برا نہیں ہورہا، ماضی میں آج سے زیادہ برا ہوا ہے، چاہتا ہوں تمام سیاسی جماعتیں تاریخ سے سبق سیکھ کر آگے بڑھیں، جہاں تک لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات ہے،ہر الیکشن میں درستی کی گنجائش رہی، اب بھی ہم یہی چاہتے ہیں۔

گزشتہ روز نجی ٹی وی کو انٹرویواور سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو نے کہا کہ الیکشن عمل کی قانونی حیثیت کو نقصان پہنچا ہے، ن لیگ نے تاثر دیا کہ سب کچھ ان کیلئے کرایا جا رہا ہے۔ تین ماہ ہوگئے ن لیگ عوام کے پاس نہیں جارہی، جو خود کو چوتھی بار وزیراعظم کہہ رہا ہے وہ گھر سے نہیں نکلا۔ آصف زرداری درست کہتے ہیں پیپلز پارٹی وہ اونٹ ہے جس طرف بیٹھے گا حکومت بنے گی۔ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ریفرنس کی سماعت پر پہنچے ہیں ہم سمجھتے ہیں تاریخ کو مسخ نہ کیا جائے بلکہ ہم تاریخ کو درست کرسکتے ہیں۔ سپریم کورٹ میں جو ایک کلپ چلایا گیا، آمریت میں امر کی ایک کیس میں دلچسپی تھی، ذوالفقار علی بھٹو کے کیس کا جس طرح فیصلہ کرایا گیا، تاریخ اس کی گواہ ہے، امید ہے کہ بارہ سال بعد اس کیس میں پیپلز پارٹی کو انصاف ضرور ملے گا۔

سپریم کورٹ کیلئے موقع ہےکہ اپنے ادارے سےداغ کودھوئے، بھٹو کیس کی آج تک مثال نہیں دی گئی۔ سینٹ میں انتخابات ملتوی کرنے سے متعلق منظور کی گئی قرار داد پر کہا کہ عوام ووٹ ڈالنے کی تیاری کریں، اقوام متحدہ سےبھی قراردادپاس کرالیں،الیکشن 8فرور ی کو ہوں گے، آپ سب تیاری پکڑیں اور ووٹ ڈالیں،چیف جسٹس کہہ چکے ہیں کہ پتھر پرلکیر ہے کہ 8فروری کوالیکشن ہونگے، چیف جسٹس کی بات میں زیادہ وزن ہے یاچند سینیٹرز کی۔ بانی پی ٹی آئی تو خود کہتے تھے کہ ادارے آزاد ہیں، اب وہ اپنی صفائی خود پیش کریں، سیاست میں جوروایت ڈالی گئی، بانی پی ٹی آئی کوتوبہ کرنی پڑےگی، سب سے زیادہ کاغذات 2013میں مسترد ہوئے،جب بانی پی ٹی آئی کو لانچ کیا جارہا تھا، ہمیں اپنی غلطیاں ماننی چاہئیں ،رویہ درست کرنا چاہئے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ذاتی انا کی سیاست کو دفن کرکے بہتر مستقبل کا بندوبست کرنا ہوگا، بانی پی ٹی آئی کا اب موقف آنا چاہئے کہ سارے سیاستدانوں کو اس طرح سزا ملنی چاہئے۔