مشرف کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو سراہتے ہیں،پاکستان بار

اسلام آباد: پاکستان بار کونسل نے سنگین غداری کے جرم میں سابق ڈکٹیٹر پرویز مشرف کی سزائے موت کا فیصلہ برقرار رکھنے پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے وفاقی حکومت سے آئین کے آرٹیکل 5 کی خلاف ورزی کرنے والے مجرموں اور ذمہ داروں کے خلاف بھی آئین کے آرٹیکل6 کے تحت مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا ہے،پاکستان بار کونسل کے اعلامیہ کے مطابق وائس چیئرمین ہارون الرشید اورایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین حسن رضا پاشا نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے سابق چیف جسٹس،پشاور ہائی کورٹ، جسٹس وقار احمد سیٹھ مرحوم کی جانب سے بھی اس حوالے سے ایک دلیرانہ فیصلہ جاری کرنے پرانہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے،انہوںنے کہا سپریم کورٹ نے اپنی تاریخی فیصلے کے ذریعے ملک میں جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے استحکام کے لیے اپنا آئینی کردار ادا کیاہے ، جس سے آئین کی با لادستی کے اصول کو تقویت ملے گی اور پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ایک مثال کے طور پر یاد رکھا جائیگا۔