فیصل آباد:  ن لیگ نے انتخابات میں 5 نئے چہروں کو میدان میں اتارا

فیصل آباد: مسلم لیگ نواز کی طرف سے عام انتخابات میں حصہ لینے کیلئے پا نچ نئے چہروں کو میدان میں اتارا گیا ہے تو دوسری طرف پا نچ حلقوں میں ٹکٹوں کا فیصلہ بھی تا خیر کا شکار ہے، جبکہ آزاد علی تبسم کو بھی پہلی بار قومی اسمبلی کا ٹکٹ مل گیا ، تفصیلات کے مطابق آ ٹھ فروری کو ہونیوالے عام انتخابات کے لیے پاکستان مسلم لیگ نواز کی طرف سے پارٹی ٹکٹیں جاری کر دی گئی ہے ، جس کے مطابق اس بار پاکستان مسلم لیگ نواز نے5 نئے چہروں کو میدان میں اتارا ہے جن میں سر فہرست سابق اپوزیشن لیڈر را جہ ریاض احمد خان شامل ہیں جو کہ2018میں تحریک انصاف کی طرف سے جیتنے کے بعد منحرف ہو گئے تھے، اس بار انکو این اے104سے مسلم لیگ نواز نے میدان میں اتارا ہے ، اسکے ساتھ ساتھ پی پی111 سے شیخ محمد یوسف ،پی پی116 سے را نا ثناءاللہ خان کے داماد رانا احمد شہر یار ،پی پی104 سے عارف محمود گل اور پی پی107 سے خالد پرویز گل کو پہلی مرتبہ نواز لیگ کی طرف سے میدان میں اتارا گیا ہے ، دوسری طرف سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کے معاملہ پر تحفظات سمیت دیگر مسائل کی وجہ سے پارٹی کی طرف سے این اے96 میں کسی بھی امیدوار کو ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا ہے اسکے ساتھ ساتھ پی پی98 ،100،پی پی101 اور پی پی 106 سے بھی پارٹی ٹکٹ کا فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔