8 فروری کو نورا کشتی،منافقت کی سیاست دفن ہوجائے گی ،سراج الحق

لاہور:  امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ن لیگ، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی سو سال بھی اقتدار میں رہیں تو ملک میں ترقی اور خوشحالی نہیں آ سکتی۔ قوم پر مہنگائی، بے روزگاری، غربت مسلط کرنے والی سابقہ حکمران پارٹیوں کو باریا ں لگانے کا کوئی حق نہیں۔ حکمران خود عیاشیاں کرتے ہیں عوام کو کہتے ہیں صبر کرو، ان کی گاڑیوں میں جلنے والا تیل غریبوں کا خون پسینہ ہے۔ ظلم وناانصافی کے خلاف جدوجہد کرو، کسی جابر اور ظالم کے سامنے جھکنے یا ڈرنے سے عوام کو ان کا حق نہیں ملے گا۔

اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں گزشتہ 76 برسوں سے برہمن اور شودر کا نظام چل رہا ہے،اب اس طبقاتی تقسیم کو رخصت کرنے کا وقت آگیا، قوم کے پاس اپنا حق لینے کا بہترین موقع ہے ۔ 8 فروری کو نورا کشتی اور منافقت کی سیاست دفن ہوجائے گی ، ترازو ہی حقیقی تبدیلی لائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہری پور میں ورکرز کنونشن اور صوابی میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ن لیگ کے حاجی معاذ اﷲ خان، پی ٹی آئی کے مکرم خان، راج ولی خان اور ایوب خان نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔امیر جماعت نے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں کا احتساب کوئی ادارہ اور عدالت نہیں کرسکی، عوام سے اپیل کرتاہوں کہ ووٹ کے ذریعے ان کا احتساب کریں۔ تینوں بڑی پارٹیوں کی پالیسیاں ایک جیسی ہیں، انھوں نے ڈاکٹر عافیہ کی واپسی کے لیے امریکی صدر سے بات تک نہیں کی، یہ حکمران اہل کشمیر اور فلسطین کا مقدمہ نہیں لڑ سکتے۔