راولپنڈی : تین روز قبل ڈکیتی کے دوران برطانیہ سے آنے والے شہری چوہدری تصرف محمود کے قتل کے مقدمہ میں واقعہ میں ملوث بین الصوبائی گینگ کے 4 ڈکیت رات گئے ریس کورس کے علاقہ میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کے دوران ہلاک ہوگئے۔ برطانیہ پلٹ شہری کے ڈکیتی کے دوران قتل کے واقعہ پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے نوٹس لے کر ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔ پولیس نے موٹر سائیکل سوار ڈکیتوں کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی، ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت ساجد عرف گٹو، حسن، محمد علی عرف ببیو اور وسیم کے نام سے ہوئی،ملزمان کے قبضہ سے تصرف محمود کا لیپ ٹاپ، بیگ اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد ہوا،ملزمان سے پولیس یونیفارم بھی برآمد ہوئے، ملزمان نے ریس کورس کے علاقہ میں برطانیہ سے واپسی پر شہری تصرف محمود کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا، گینگ ڈکیت وارداتوں کے دوران پولیس یونیفارم استعمال کرتے تھے، ملزمان نے بیرون ملک کینیڈا سے آئے ایک شہری کے ساتھ بھی واردات کی تھی، ملزمان ایئرپورٹ پر ریکی کرتے اور بیرون ملک سے آنے والے شہریوں کو ٹارگٹ کرتے تھے۔
دریں اثنا گزشتہ روز تھانہ مورگاہ کے علاقہ میں موٹر سائیکل سوار 4 ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی،فائرنگ کے دوران 2 ملزمان ہلاک ہو گئے،ہلاک ملزمان میں سے ایک کی شناخت احمد خان کے نام سے ہوئی جبکہ دوسرے کی شناخت کی جا رہی ہے، ہلاک ملزمان کے 2 ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے، واقعہ کی اطلاع پر سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے، ہلاک ملزم احمد خان سٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث و ریکارڈ یافتہ ہے، ملزمان نے کچھ عرصہ قبل مورگاہ کے علاقہ میں پولیس ریڈنگ پارٹی فائرنگ کر کے شعیب اے ایس آئی کو زخمی بھی کیا تھا، نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔