اللّٰہ نے ان سہولت کاروں کوعبرت ناک انجام تک پہنچا دیا، فائل فوٹو
اللّٰہ نے ان سہولت کاروں کوعبرت ناک انجام تک پہنچا دیا، فائل فوٹو

پی ٹی آئی کو اب مدر ان لا کی سہولت حاصل نہیں، مریم نواز

اوکاڑہ: مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ اب فیصلے عوام کی عدالت یا لا کرے گا، پی ٹی آئی کو اب مدر ان لا کی سہولت حاصل نہیں۔

اوکاڑہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے بانی پی ٹی آئی کا نام لیے بغیر کہا کہ آپ کے امپائر بھی پکڑے گئے، جعلسازی بھی پکڑی گئی، سہولت کاری بھی پکڑی گئی، آپ کا انتخابی نشان بلّا نہیں ڈنڈا تھا جس سے قومی تنصیبات پر حملے کیے گئے، وہ ڈنڈا اب چھین لیا گیا ہے۔

مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف پر ظلم کرنے والا ایک ایک کردار اپنے انجام کو پہنچ رہا ہے، دہشت گرد جماعت کو سیاسی جماعت کا انتخابی نشان نہیں مل سکتا، نواز شریف نے مجھے کہا کہ اوکاڑہ سے مہم شروع کرو، 8 فروری کو اوکاڑہ میں شیر دھاڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ نواز شریف نے انتقام نہیں لیا، قدرت نے سو موٹو نوٹس لیا ہے، وہ بزدل جوتیاں چھوڑ کر استعفیٰ دے کر بھاگا ہے، قدرت کی لاٹھی بے آواز ہے، عدالتوں کے احاطے سے ظالم کے جوتی چھوڑ کر بھاگنے کے مناظر دیکھے، جو نواز شریف کی طرح سچا ہوتا ہے وہ ڈٹ کر کھڑا ہوتا ہے۔

مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ جو جتنا بڑا ظالم ہوتا ہے وہ اتنا ہی بڑا بزدل ہوتا ہے، دوسروں کا احتساب کرتے ہوئے یہ لوگ فرعون بنے ہوئے تھے، آج ان کی اپنی باریاں آئیں تو یہ جوتیاں چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ لوگوں کو چور چور کہنے والے نے گھڑیاں چوری کیں، لوگوں کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو گرفتار کیا گیا، ان کی اپنی باری آئی تو بزدلی دکھائی۔

انہوں نے کہا کہ آج جو کچھ ان کے ساتھ ہو رہا ہے اس کے ذمے دار وہ خود ہیں، شور مچا رہے ہیں کہ انتخابی نشان واپس لے لیا، تمہارا انتخابی نشان وہ گھڑی ہونی چاہیے جو چوری کی ہے، الیکشن کمیشن کو کہہ دیتے ہیں تمہیں ڈنڈے یا پیٹرول بم کا نشان دیدے۔

ان کا مزید کہناتھا کہ  اگر تم سمجھتے ہو کہ انٹرا پارٹی الیکشن میں فراڈ کر کے بچ سکتے ہو تو ایسا نہیں ہو گا، اب فیصلے عوام کی عدالت کرے گی یا لا کرے گا، مدر ان لا کے فیصلے کی سہولت نہیں، نہ ان کی سہولت کاری رہی نہ وہ سہولت کار رہے، اللّٰہ نے ان سہولت کاروں کوعبرت ناک انجام تک پہنچا دیا۔