پی ایم ڈی سی کی میڈیکل اینڈ ڈینٹل ایڈمیشن پالیسی 2026 جاری، بھاری جرمانوں کا فیصلہ
میرٹ لسٹ جاری کرنے میں تاخیر پر میڈیکل کالج کو 5 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا جبکہ ہر اضافی دن کے لیے مزید 50 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے،پی ایم ڈی سی
فائل فوٹو
اسلام آباد:پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل ایڈمیشن پالیسی 2026 جاری کر دی، پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے میڈیکل و ڈینٹل کالجز پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق میرٹ لسٹ جاری کرنے میں تاخیر پر میڈیکل کالج کو 5 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا جبکہ ہر اضافی دن کے لیے مزید 50 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے۔
بے ضابطہ داخلوں پر کالجز سے طلبہ کی سالانہ اصل فیس کے برابر جرمانہ وصول کیا جائے گا اور اگلے سیشن میں نشستیں بھی کم کی جائیں گی۔
نئی پالیسی کے تحت مختص نشستوں سے زائد داخلے دینے والے کالجز پر ہر اضافی طالب علم کی سالانہ اصل فیس کے برابر جرمانہ عائد ہوگا جبکہ اگلے سیشن میں ان کی نشستوں میں دوگنی کمی بھی کی جائے گی۔
پی ایم ڈی سی نے میڈیکل کالجز کی انتظامی غفلت پر بھی بھاری جرمانے مقرر کر دیے ہیں، طلبہ کی رجسٹریشن میں تاخیر پر 50 ہزار روپے فی طالب علم، گریجویشن کی اطلاع دینے میں تاخیر پر 75 ہزار روپے فی طالب علم جبکہ سالانہ امتحانی نتائج کی اطلاع میں تاخیر پر 30 ہزار روپے فی طالب علم جرمانہ ہوگا۔
اسی طرح طالب علم کی منتقلی یا تعلیم چھوڑنے کی اطلاع میں تاخیر پر ایک لاکھ روپے جبکہ طلبہ کی مقررہ فیس اور دیگر چارجز سے متعلق قواعد کی خلاف ورزی پر 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
پالیسی کے مطابق رجسٹریشن میں تاخیر پر سرکاری اداروں کے لیے 150 روپے فی طالب علم ماہانہ جبکہ نجی کالجز کے لیے 300 روپے فی طالب علم ماہانہ فیس مقرر کی گئی ہے۔