امریکا،برطانیہ کی حوثیوں کیخلاف کارروائی،جنگ مزید بڑھ سکتی ہے،اسلم بیگ

لاہور: امریکا اور برطانیہ کی جانب سے حوثیوں کے خلاف کارروائی، جنگ مزید بڑھ سکتی ہے۔ اسرائیل واضح کہہ رہا کہ وہ سو فیصد مشن پورا کر کے جنگ بند کرے گا اسلامی دنیا کو امریکہ کی ناراضگی کے ڈر سے باہر آنا ہو گا۔ کشمیر کا حل سیاسی نہیں بلکہ جب بھی ہوا جنگی ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار سابق آرمی چیف جنرل ( ر) اسلم بیگ نے مقامی اخبار کو خصوصی انٹر ویو دیتے ہوئے کیا۔ جنرل ( ر) اسلم بیگ نے کہا کہ آج کل تمام ممالک کی کوشش ہے کہ جنگ کا دائرہ محدود کیا جائے کیونکہ جنگ کے دائرہ کو بڑھانے سے معاملہ خطرناک ہو جاتا ہے اور اس سب پر پیسہ بھی لگتا ہے۔

حوثیوں نے تجارتی راہ میں رکاوٹ ڈالی اب اس کا رسپانس آنا تھا امریکا اور برطانیہ نے اس کا رسپانس دیا ہے امریکا کی کوشش ہوگی کہ معاملہ یہاں رک جائے وہ مزید کوئی نیا محاذ نہیں کھولنا چاہے گا۔ برطانیہ، امریکا واضح کہہ چکا ہے کہ وہ اسرائیل کو سپورٹ کرے گا امریکا اسرائیل کی پوری طرح مدد کر رہا ہے جبکہ اسلامی ممالک اس حوالے سے اسرائیل کے خلاف فلسطین کی مدد کیلئے تیار نہیں ہیں صرف مسلم ممالک اس لئے خاموش ہیں کہ کہیں امریکا ناراض نا ہو جائے ۔ آج اگر فلسطین کو اینٹی ائیر کرافٹ اور اینٹی ٹینک شکن میزائل دے دیئے جائیں تو اسرائیل کی ہمت نہیں کہ وہ فلسطینیوں پر ظلم کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم ممالک امریکا سے ڈرتے ہیں اور اسی کے ڈر سے خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل واضح کر چکا کہ وہ 100 فیصد مشن پورا کر کے ہی جنگ بند کرے گا امریکا بھی اس کی تائید کر رہا ہے۔ میں کہتا آیا ہوں کہ کشمیر کا حل سیاسی نہیں ہو گا یہ ٹیبل پر حل ہونے والا مسئلہ نہیں ہے ایسے مسائل کے حل کیلئے جنگ لڑنی پڑتی یہ مسئلہ طاقت کے استعمال سے ہی حل ہو گا۔