اسلام آباد(اُمت نیوز)سپریم کورٹ نے جسٹس مظاہر نقوی کی جانب سے سپریم جوڈیشل کونسل کارروائی کیخلاف درخواست پر آٹھ جنوری کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا
تحریری حکمنامہ کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی روکنے کی استدعا اس مرحلے پر قابل قبول نہیں ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے صرف شکایت کنندگان کو فریق بنانے کے نکتے پر دلائل سنے، موقف سنے بغیر کسی کےخلاف کوئی حکم جاری نہیں کیا جا سکتا۔
سپریم کورٹ کے مطابق جسٹس نقوی کی آئینی درخواست میں شکایات کو سیاسی اور بدنیتی پر مبنی قرار دینے کی استدعا کی گئی لیکن دوسرے فریق کو سنے بغیر شکایت کو بدنیتی پر مبنی قرار نہیں دیا جا سکتا۔
حکمنامہ میں مزید کہا گیاہے کہ گزشتہ سماعت پر بینچ کی تشکیل پر اعتراض کیا گیا جسے آج واپس لے لیا گیا، درخواست ضروری ترامیم کے بعد دوبارہ دائر ہونے پر سماعت کیلئے مقرر کی جائے۔