اسلام آباد،: لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان، شاہ محمودقریشی کو الیکشن کے لیے نااہل قرار دے دیا ہے۔ہائیکورٹ نےحماداظہر، فواد چودھری، حبا فواد ، خرم لطیف کھوسہ ،چودھری پرویز الہی اور صنم جاوید ،میجرطارق صادق کو بھی الیکشن کیلئے نااہل قرار دے دیا۔جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے اپیلٹ ٹریبونل کے فیصلوں کو برقرار رکھا۔پشاور ہائیکورٹ نے شہرام ترکئی اور عاطف خان کے کاغذات درست قرار دیدئیے،پشاور ہائیکورٹ کے لارجر بینچ نے محفوظ فیصلہ سنادیا۔لاہور ہائیکورٹ نے عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے۔ راولپنڈی کے حلقہ این اے 56 سے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کے کاغذاتِ نامزدگی کی منظوری کے خلاف درخواست خارج کردی۔ سندھ ہائی کورٹ کی طرف این اے 248 سے جی ڈی اے امیدوار نوید عزیز کوریلیف مل گیا۔
عدالت نے جی ڈی اے امیدوار نوید عزیز کو این اے 248 سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔عدالت نے پی ایس 76 سے ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار سراج الدین کو بھی الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ پیسے دینے کی ویڈیو وائرل ہوتے ہی چترال سے قومی اسمبلی کی نشست کے اْمیدوار طلحہٰ محمود کو الیکشن کمیشن طلب کر لیا گیا،طلحہٰ محمود کو الیکشن کمیشن کی جانب سے پیش نہ ہونے کی صورت میں کارروائی سے خبردار بھی کردیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی کےپنجاب اسمبلی سے 3 امیدواروں کو تیر کا نشان الاٹ کرتے ہوئے فارم 33جاری کر دیا ہے۔ان امیدواروں میں پی پی 163لاہور سے فیاض بھٹی،پی پی 20سے چودھری نوشاد خان اور پی پی 21سے راجہ امجد نور شامل ہیں۔ادھر الیکشن کمیشن نے بلے کے نشان پر پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں فریق بننے کا فیصلہ کیا تھا۔اس حوالے سے ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا تھا۔
اگر ہم سپریم کورٹ نہ جاتے تو ہماری رٹ ہی ختم ہو جاتی۔ الیکشن کمیشن نے قانونی طور پر صحیح فیصلہ دیا۔فیصلےکے سیاسی اثرات کیا ہوتے ہیں الیکشن کمیشن کااس سے کوئی تعلق نہیں۔الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اب ہر سیاسی جماعت اپنے انٹرا پارٹی انتخابات صحیح طریقے سے کروائے گی۔ الیکشن کمیشن اپنے اختیارات اورآئین اور الیکشن ایکٹ کے مطابق میرٹ پرفیصلے کرتا ہے۔۔ الیکشن کمیشن کا آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کی۔اجلاس میں معزز ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری وزارت داخلہ،چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹری صاحبان، آئی جی صاحبان، دیگر لا انفورسمنٹ ایجنسیوں کے نمائندگان، چیف کمشنر اسلام آباد، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ عام انتخابات کے پرامن انعقاد کی اہمیت پر زور دیا۔