لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ کی بارگاہ میں پوچھا گیا تو کہوں گا پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔شہبازشریف نے ایک بیان میں کہا اگر سیاست نہ بچی ریاست بچ گئی تو کوئی افسوس نہیں، اگر اللہ کی بارگاہ میں پوچھا گیا تو کہوں گا پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا، اس کےلئے سیاست کی قربانی دیدی۔شہباز شریف نے مزید کہا ثاقب نثار جو مہرہ تھا، اس کے ذریعے نوازشریف حکومت کا تختہ نہ الٹا جاتا تو آج پاکستان شدید معاشی چیلنجز میں گھرا نہ ہوتا۔انہوں نے کہا سفارتی تعلقات مجروح ہوئے ،معاشرے میں زہر گھول کر تقسیم در تقسیم کر دی گئی،تقسیم ایک دو سال میں ختم نہیں ہوگی، ہم نفرت کو ختم کرکے قوم کو اکٹھا کریں گے،8 فروری کو وہ سفر جسے 2017 میں ڈنڈے اور بلے سے ختم کیا گیا دوبارہ شروع کریں گے۔شہباز شریف نے مزید کہا ماضی میں بدقسمتی سے حکومت جانے کے واقعات ہوئے، مجھے یقین ہے ماضی کے برعکس اس مرتبہ دور دور تک کوئی سازش نہیں ہوگی، ہم سب سے غلطیاں ہوتی ہیں ،ہمیں اپنی غلطیوں سے سیکھنا چاہئے۔
انہوں نے کہا بلا چھن گیا تو اس کے قصور وار ہم نہیں، کیا بلا میں نے اور نواز شریف نے واپس لیا ہے، انہوں نے انٹرا پارٹی الیکشن نہیں کروائے، پوری قوم نے دیکھا کہ دس گھنٹے سپریم کورٹ کی سماعت چلی، وہاں پر دلائل پیش کرتے، شیر تو ن لیگ سے چھینا گیا تھا ، آج بلا ہوتا تو مقابلہ کرتے۔شہبازشریف نے سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کے عوام پاکستان کی ترقی کے لئے اپنا حق استعمال کریں گے، 8فروری کو عوام کا فیصلہ ہم سب کو قبول ہوگا ۔
انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) نے اپنی انتخابی مہم کا فیصلہ کر لیا ہے ، نواز شریف ، مریم نواز اور حمزہ شہباز مل کر سب کو آگے لے کر چلیں گے۔شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران کی جانب سے میزائل حملہ اچھی ہمسائیگی کی روح کے خلاف ہے، دونوں ملکوں کے تاریخی دوستانہ تعلقات ہیں، اس حوالے سے سنجیدہ مذاکرات اور باہمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔علاوہ ازیں نواز شریف سے سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر راجہ مشتاق احمد منہاس نے جاتی امراء رائے ونڈ میں ملاقات کی۔