اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے 14 جنوری 2024 انسانی ضمیر کیلئے ایک تکلیف دہ دن تھا،یہ فلسطین کیخلاف اسرائیل کی جنگ کا 100 واں دن تھا، جس نے غزہ میں 24,000 سے زیادہ جانیں لے لی ہیں، یہ تعداد ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہی ہے۔ہفتہ وار بریفنگ میں انہوں نے کہا اسرائیل کی جانب سے مظالم کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے، عالمی برادری کو فلسطینی عوام کو وحشیانہ کارروائیوں سے بچانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے جنوری 1990 کے دوران بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں ہندوستانی افواج کی طرف سے کئے گئے قتل عام کا بھی تذکرہ کیا جس میں تقریباً 100 لوگ شہید ہوئے تھے۔ قتل عام کے شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اور ذمہ داران کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ترجمان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان جموں و کشمیر تنازع کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ اور پرامن حل کیلئے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔