اسلام آباد: سائفر کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کےجیل ٹرائل کالعدم کرنے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے ۔وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی کے جیل ٹرائل کو کالعدم کرنے کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 21 نومبر 2023کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی جس میں ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم کرنے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہائی کورٹ نے اپنے اختیار سے تجاوز کرکے جیل ٹرائل کے لیے قائم خصوصی عدالت کو کالعدم کیا ۔
ہائی کورٹ کو خصوصی عدالت ختم کرنے کا اختیار نہیں جبکہ حقائق کا درست جائزہ لیے بغیر فیصلہ کیا گیا ۔درخواست میں عمران خان ،خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات، ڈی جی ایف آئی اے، انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس ، چیف کمشنر اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو فریق بنایا گیا ہے ۔ ڈی سی اور چیف کمشنر اسلام آباد سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔