اسلام آباد: نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا ہے ملک وفاقی پارلیمانی جمہوری نظام پر چلے گا اور اس پر سب کا اتفاق ہے۔اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب میں نگران وزیر اطلاعات نے کہا الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق جاری کیا ہے، میڈیاکو الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق سے ضرور آگاہ ہونا چاہیے، مصنوعی ذہانت سے سوشل میڈیا صارفین انتخابات پر اثرانداز ہورہے ہیں،الیکشن سے متعلق بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جا رہا تھا، 8 فروری کے انتخابات کے بارے میں بہت سے لوگوں نے قیاس آرائیاں کیں،وفاقی حکومت نے اپنا موقف مستقل مزاجی سے پیش کیا،18ویں ترمیم میں آرٹیکل224 میں ترمیم کرکے نگران حکومتوں کا نظام لایاگیا، پارلیمانی نظام میں قانون سازی سے بہتری لائی جاسکتی ہے، عوام کے پاس اختیار ہونا چاہیے کہ وہ اپنے منتخب نمائندوں کو جوابدہ بنائیں، ری کالنگ الیکشن کا تصور سب سے پہلے یونان میں شروع ہوا۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی اور وفاقی وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز کے درمیان ملاقات ہوئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے ڈاکٹر گوہر اعجاز کو وزارت داخلہ کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے 8 فروری کے عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور سکیورٹی انتظامات مضبوط بنانے کیلئے اقدامات پر غور کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا انتخابات کے پرامن اور شفاف طریقے سے انعقاد کیلئے حکومت تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے، سکیورٹی انتظامات کو مضبوط بنانے کیلئے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان مکمل تعاون ہے،انتخابات کو شفاف اور منصفانہ بنانے میں میڈیا کا اہم کردار ہے، میڈیا انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرے، انتخابات میں کسی قسم کی اشتعال انگیزی اور پروپیگنڈے سے گریز کیا جائے۔
داخلہ نے کہا تمام سیاسی جماعتیں انتخابات میں امن و امان کو برقرار رکھنے میں حکومت کا ساتھ دیں، انتخابات کے دوران امن و امان ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ ملاقات میں وفاقی سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد اور ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان سعید احمد شیخ بھی موجود تھے۔