بورے والا: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت ختم نہ کی جاتی تو آج کوئی بے روزگار نہ ہوتا، ہر گھر خوشحال ہوتا، اقتدار میں آکر بجلی سستی اور گیس گھر گھر فراہم کریں گے، ہم پاکستان کے حالات اتنے اچھے کردیں گے کہ ہر گھر میں روزگار ہوگا۔مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف اپنی انتخابی مہم کے چوتھے جلسے کے لیے جمعہ کو بورے والا پہنچے۔ حافظ آباد، مانسہرہ اور ننکانہ کے بعد بورے والا میں مسلم لیگ ن نے سیاسی پاور شو جمعہ کو منعقد کیا، جو الیکشن 2024 کی مہم کے دوران نواز شریف کا چوتھا جلسہ ہے، مسلم لیگ(ن) خانیوال میں بھی جلسہ کر چکی ہے تاہم وہاں نواز شریف نہیں پہنچ پائے تھے۔
نواز شریف کے ساتھ ان کی صاحبزادی اور مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز بھی موجود ہیں۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ کتنے سالوں کے بعد آج مل رہے ہیں، یہاں بہت کچھ بدل گیا ہے، وہ وقت یاد کرو جب میں وزیراعظم تھا، وہ وقت یاد آتا ہے جب ان کے دور میں روٹی 4 روپے کی ملتی تھی، آج روٹی 4 روپے کے بجائے 20 یا 25 روپے کی ہوگئی ہے۔
نوازشریف نے کہا کہ 2017 آپ کو یاد ہے یا نہیں، ہم نے ملک سے لوڈشیڈنگ ختم کی تھی، نوازشریف کا دور یاد آتا ہے یا نہیں، اس وقت ماہانہ بجلی کا بل 500 روپے آتا تھا آج 20 ہزار آتا ہے، پاکستان کا کیا حال کردیا بجلی ہے نہ گیس، آج چینی، دالیں، آٹا اور سبزیاں مہنگی ہیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن آکر اس مہنگائی کو مٹائے گی، بجلی، گیس، چینی اور روٹی سستی کریں گے، ہماری حکومت ختم نہ کی جاتی تو آج کوئی بے روزگار نہ ہوتا، نوازشریف کی خدمتیں اس قوم نے یاد رکھی ہوئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب ہماری حکومت آئے گی، تب سب سستا کردیں گے، یہ وہ ٹولہ ہے جس نے پاکستان کے جسم پر کلہاڑا مارا ہے، اگر حکومت ختم نہ کی جاتی تو ہر گھر خوشحال ہوتا، میں مذاق نہیں کررہا وہ بات کررہا ہوں جو کرنی چاہیئے، آج تو پاکستان سے بے روزگاری ختم ہوجانی چاہیئے تھی۔نواز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم نے آپ کے لیے موٹروے بنائی ہے اپنی ذات کے لیے نہیں، ن لیگ کی حکومت آئی تو بورے والا سے موٹروے گزرے گی، میرے دور میں ٹریکٹر 9 لاکھ روپے کا تھا، آج ٹریکٹر 38 لاکھ روپے کا ہے جو کہ بہت افسوسناک ہے۔
مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ ان شاءاللہ پاکستان سے مہنگائی اور بے روزگاری پھر سے ختم کریں گے، ہم پاکستان کے حالات اتنے اچھے کردیں گے کہ ہر گھر میں روزگار ہوگا، ن لیگ کی حکومت آئی تو ممکن ہے بورے والا میں بہترین ایئرپورٹ بنائیں، تہمینہ دولتانہ کہتی ہیں وہاڑی میں میڈیکل کالج بنادیں، تہمینہ دولتانہ اگر آپ کامیاب ہوگئیں تومیڈیکل کالج بنادیں گے، ن لیگ کی حکومت بنی تودوبارہ بورےوالا آؤں گا۔ گذشتہ جلسوں کی طرح بورے والا میں بھی نواز شریف نے مختصر بات کی اور پھر مریم نواز کو خطاب کے لیے کہا جبکہ مریم نواز نے نواز شریف کے استقبال کر لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔